ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہبلی: توہین رسالتﷺکے معاملے پر احتجاجی پوسٹرز لگانے کے الزام میں مسلم نوجوان گرفتار۔مسلمانو ں کے احتجاج کے بعد ہوئی رہائی

ہبلی: توہین رسالتﷺکے معاملے پر احتجاجی پوسٹرز لگانے کے الزام میں مسلم نوجوان گرفتار۔مسلمانو ں کے احتجاج کے بعد ہوئی رہائی

Mon, 02 Nov 2020 12:23:49    S.O. News Service

دھارواڑ،2؍نومبر(ایس او نیوز) حضورﷺکی توہین کرنے والوں کو فرانس کے صدر کی جانب سے حمایت دینے کے مسئلہ پر مذمتی ہینڈبلس شہر میں چسپاں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے قصبہ پولیس اسٹیشن کے افسران نے 5 مسلم نوجوانوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس بات پر ناراضی جتاتے ہوئے مسلم قائدین اور نوجوانوں نے پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اورپولیس افسران سے گفت وشنید کے بعدحراست میں لیے گئے نوجوانوں کو فوری طور پر رہاکروانے میں کامیاب ہوگئے۔

معروف کنڑا روزنامہ پرجاوانی میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ واردات اتوار کو پیش آئی۔ اس تعلق سے اخبار نے قصبہ پولیس اسٹیشن کے افسران کا بیان شائع کیا ہے جن کا  کہنا ہے کہ’’ فرانس کے صدر کی مذمت کرنے والے اشتہاری پرچے مسلم نوجوانوں کی طرف سے شہر میں چسپاں کیے جانے کی ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوئی ہے۔ امن و امان کی صورت حال بگڑنے کا خدشہ محسوس ہونے پر مسلم نوجوانوں کو احتیاطی طور پر حراست میں لیا گیا تھا۔‘‘

جبکہ مسلم قائدین کی شکایت یہ ہے کہ ’’عیدمیلاد کے دن سڑک پر پڑے ہوئے کچھ اشتہاری پرچے ہمارے نوجوانوں سے اٹھائے تھے۔ وہ پرچے کس نے چپکائے تھے ہمیں اس کی خبر نہیں ہے۔ اور کسی کی طرف سے بھی شکایت نہ کیے جانے کے باوجود پولیس نے ان نوجوانوں کو حراست میں لیاتھا۔‘‘ضلع کانگریس کے صدر اور مسلم سماج کے قائد جناب الطاف ہلّور نے بتایا کہ :’’ فرانس کے صدر نے جو بیان دیا ہے اس سے ہم لوگوں کو بہت دکھ پہنچا ہے۔ ہم نے اس کے خلاف احتجاجی مظاہرا کرنے کا منصوبہ بنا یا  تھا۔مگر پولیس نے بلاوجہ ہی ہمارے سماج کے نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا۔‘‘ 


Share: